مولانا عادل کا قتل گہری سازش‘ امت کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ مولانا عادل خاں کا قتل گہری سازش ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کا دشمن ایک ہے۔ دونوں ممالک میں ہونے والی تخریب کاریوں میں ایک ہی ملک ملوث ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں کل جماعتی عظمت صحابہؓ ریلی سے خطاب میںکیا۔ ناموس صحابہؓ پر حملے ناقابل برداشت ہیں۔ اصحاب رسول دین کے ستارے ہیں، ان کی روشنی سے اسلام دنیا میں پھیلا۔ ہم ان ستاروں کی ناموس پر پہرہ دیں گے۔ ناموس صحابہؓ پر قانون سازی کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ فرقہ پرست عناصر کو بیرونی سرپرستی حاصل ہے۔ ریاستی اداروں کو ایسے عناصر کا قلع قمع کرنا ہو گا۔ ملک میں ایک عرصہ بعد امن کی فضا قائم ہوئی ہے جو ملک دشمن عناصر کو پسند نہیں۔ صحابہؓ و اہلبیت کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔ تحفظ حرمین شریفین کیلئے امت مسلمہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ امت مسلمہ کو اس وقت اتفاق و اتحاد کی اشد ضرورت ہے تاکہ مسلم امہ اپنے مسائل کو خود حل کرسکے۔ تمام مسلم حکمران اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر امہ کی بہتری کیلئے کام کریں تاکہ مسلمان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکیں۔ علامہ ابتسام الہی ظہیر نے کہا کہ صحابہؓ کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے لہذا اسلام کو دہشت گردی کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔ علامہ خالد حسن مجددی، مولانا عبدالخالق رحمانی، مولانا حافظ امجد محمود معاویہ، حاجی بابر رضوان باجوہ، سعید کلیروی، جواد محمود قاسمی، مولانا شاہنواز فاروقی، حافظ عمران عریف، ابرار احمد ظہیر، حافظ عبدالجبار، مولانا شوکت نصیر، مولانا حافظ گلزار احمد آزاد، مولانا عبیداللہ عامر، تاجر رہنما میاں فضل الرحمان چغتائی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔