• news

تحریک چل پڑی، انشاء اللہ حکمرانوں کو دسمبر نہیں دیکھنے دینگے: فضل الرحمن

اسلام آباد،چارسدہ ( وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ)  جمعیت علما اسلام (ف) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہم اپنی تحریک کو آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے اور انشاء اللہ ان کو دسمبر نہیں دیکھنے دیں گے۔ آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں دھاندلی کی نہیں،مخالفین سن لیں لوہے کا چنا ثابت ہوں گے ۔ لاہور سے گوجرانوالہ تک ریلی کی قیادت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے دھاندلی حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے اور سب کا اتفاق ہے کہ ان حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے۔ حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔ تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں، تمہاری حکمرانی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا۔ پی ڈی ایم کے تحت ملک میں مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ انشاء اللہ ان کو دسمبر دیکھنے نہیں دیں گے۔ جے یوآئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔ تحریک چل پڑی ہے اب منزل پر جاکر رکے گی اور اسے آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے۔بھانت بھانت کی بولیاں حکمرانو ں کی حواس باختگی کا مظہر،قانون کی  بات کرنے والے  قانون کی دھجیاں اڑارہے ہیں،عمران خان پاکستان کے گوربا چوف،اپنی نا کا میوں کی ذمہ داری اداروں پر ڈالنا چاہتے ہیں،نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ،نیازی نے نیازی کی تاریخ دہرائی ہے،امریکہ کی تشویش ہماری خود مختاری کے خلاف ہے، یہ بات انہوں نے ایم آر ڈی کی تحریک میں سکھر جیل میں سزا کاٹنے والے جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا عبید بھٹو اور مولانا عبدالحق سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیامانہوں نے کہا  حکومت کے ترجمانوں نے جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن