کیپٹن اور 12 جوان، گارڈ ز شہید
اسلام آباد‘ کراچی‘ لاہور (سٹاف رپورٹر+ بی بی سی+ خصوصی نامہ نگار+ نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فوجی قافلہ پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا۔ جس کے نتیجے میں 6 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔دوسری طرف گوادر کی تحصیل اورماڑہ میں اوجی ڈی سی ایل کے قابلے پر حملے میں 7 بہادراہلکار اور 7 گارڈز نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشتگردوں نے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک افسر اور 5 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق شہداء میں کیپٹن عمر فاروق‘ نائب صوبیدار ریاض احمد شامل ہیں۔ شہداء میں نائب صوبیدار شکیل آزاد‘ حوالدار یونس خان‘ نائیک محمد ندیم اور لائنس نائیک عصمت اﷲ شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں 24 سالہ کیپٹن عمر فاروق‘ 37 سالہ نائب صوبیدار ریاض احمد‘ 44 سالہ نائب صوبیدار شکیل آزاد‘ 36 سالہ حوالدار یونس خان‘37 سالہ نائیک محمد ندیم اور 30 سالہ لانس نائیک عصمت اﷲ شامل ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فوجی قافلے پر بارودی سرنگ کے ذریعے کیے گئے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے قافلے پر بارودی سرنگ کے ذریعے حملہ دشمن کی بزدلانہ حرکت ہے۔ پاکستان کا امن اور استحکام ملک دشمن عناصر کی آنکھ میں کھٹکتا ہے۔ آج پوری قوم، دہشت گردی کے اس عفریت کو کچلنے کیلئے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے سیکورٹی فورسز جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔دوسری طرف صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل اورماڑہ میں او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر ہونے والے ایک حملے میں 7 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، 7گارڈز نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے۔ او جی دی سی ایل کا قافلہ گوادر سے کراچی جا رہا تھا ، جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کا بھاری نقصان ہوا، سیکیوڑتی فورسز نے موثر کارروائی کے بعد قافلے کو بحفاظت کراچی پہنچا دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اس حملے میں چھ اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ شرپسند عناصر کو ان کے عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں سیکورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اس واقعے کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق یہ حملہ اورماڑہ کے علاقے سرپٹ میں ہوا جس کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔ گوادر انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حملے میں قافلے کی حفاظت پر مامور فرنٹیئر کور کی دو گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ان گاڑیوں پر بڑے اور چھوٹے ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا اپنے پیغام میں مزید کہنا ہے کہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کوسٹل ہائی وے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جانوں کا ضیاع اس بات کی علامت ہے کہ دشمن بلوچستان اور اس کے عوام کو ترقی کرتے نہیں دیکھ سکتا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعہ میں ملک دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے۔ سراج الحق نے پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ قوم ان کے غم میں برابر شریک ہے۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور نائب امیر لیاقت بلوچ نے بھی دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی وزیرستان میں کیپٹن عمر فاروق سمیت 6 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگرد بزدلانہ حملوں کے ذریعے پوری قوم کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پوری قوم ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ایک پیج پر ہے۔ سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چیئرمین سینٹر رحمان ملک نے جنوبی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن عمر فاروق، نائب صوبیدار ریاض احمد، صوبیدار شکیل آزاد، حوالدار یونس خان، نائیک محمد ندیم اور لانس نائیک عصمت اللہ کی شہادت پر دلی دکھ و افسوس ہوا ہے۔ جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران و جوانوں کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ملک پر جان قربان کرنے والے جوان ہمارے ہیرو ہیں۔ شہدا کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائیگا، دشمن اپنی ناپاک عزائم میں ناکام ہوگا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔