• news

اپوزیشن حکومت پر دبائو ڈالنے کی کوشش کررہی، گوجرانوالہ اسٹیڈیم بھر کر دکھائے: شبلی فراز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بطور جمہوری حکومت اور پارٹی، اپوزیشن کو فیملی لمیٹڈ کمپنی کرپشن کے بچاؤ کے لئے  جناح سٹیڈیم  میں مجمع اکٹھا کرنے کی باقاعدہ اجازت دی۔ عوام کو تنگ کرنے کے لئے سڑکوں پر کسی صورت جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی ہم نے بھی ماضی میں سٹیڈیم کے اندر جلسے کیے، کبھی عوام کو تنگ کرنے کی سیاست نہیں کی۔ اپوزیشن سے بھی ایسی ہی توقع رکھتے ہیں۔ اپنے ویڈیو پیغام میں شبلی فراز نے کہا پوزیشن کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ گوجرانوالہ سٹیڈیم کو بھر کر دکھا دے اور کووڈ۔19بچاؤ کے لئے تمام ایس او  پیز پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کرپشن سے جو مال بنایا ہے اس کو بچانے کے لئے عوام کو ایسے ماحول میں جھونک رہے ہیں۔ انھیں کچھ نہیں ملنا  اپوزیشن حکومت کو دباؤ  میں لانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ علاہ زیں شبلی فراز سے امریکی ناظم الا مور مس انجیلا ایجلر نے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے اس موقع پر کہا کہ امریکی کمپنیوں کا پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکی ناظم الامور نے کوویڈ 19چیلنج سے موثر انداز میں نبردآزما ہونے پرپاکستان کی تعریف کی۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کرونا وبا کے دوران جہاں باہمی روابط اور اطلاعات کی ترسیل کا طریقہ کار متاثر ہوا وہاں ڈیجیٹل کمیونیکشن کو فروغ حاصل ہوا۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے لئے جرنلسٹ پروٹیکشن بل پر کام کررہی ہے،یہ بل میڈیا کی آزادی کو مزید فروغ دینے،صحافیوں کے تحفظ اور بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔  وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اور عوام ملک کو کرپشن کی لعنت سے نجات دلانے کے لئے پرعزم  ہے ،ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اقوام عالم میں ایک خوشحال ملک کی حیثیت سے جانا اور پہچانا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن