قومی ٹی ٹونٹی کپ میں فکسنگ کی پیشکش کرنیوالا بکی گرفتار
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی ٹی ٹونٹی کپ میں کھلاڑی کو فکسنگ کی پیش کش کرنے والے بکی کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ بکی کے فون کا فرانزک کیا جارہا ہے اور اس کا موقف ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹر اس کا دوست ہے اور اس نے مذاق میں اپنے دوست سے فکسنگ کی بات کی تھی۔واضح رہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے کھلاڑی نے بکی کے رابطے کا فوری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کو بتایا تھا جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔پی سی بی کی جانب سے فکسنگ کی رپورٹ کرنے والے کھلاڑی کا نام راز میں رکھا ہے۔پی سی بی نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوران بکی سے رابطے کی اطلاع دینے والے کھلاڑی کے اقدام کو قابل ستائش قرار دیا تاہم اس کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور مزید تفتیش کیلئے معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بکی نے جس کرکٹر سے میچ فکسنگ کیلئے رابطہ کیا وہ ایک ڈومیسٹک کرکٹر ہے اور اس نے پاکستان کیلئے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوران ایک کھلاڑی سے مبینہ بکی کے رابطے کی تصدیق کردی، ڈائریکٹر پی سی بی اینٹی کرپشن اور سکیورٹی لیفٹیننٹ کرنل (ر) آصف محمود نے کوڈ کی پاسداری کرنے پر کھلاڑی کی تعریف کی۔ڈائریکٹر پی سی بی اینٹی کرپشن اور سکیورٹی لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ آصف محمود کا کہنا ہے کہ انہوں نے کھلاڑی کے اس عمل کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔انہوں نے خود اس کھلاڑی سے رابطہ کیا اور اینٹی کرپشن کوڈ کی پاسداری کرتے ہوئے اینٹی کرپشن آفیسر کو مبینہ رابطے کی کوشش سے متعلق اطلاع دینے پر اس کا شکریہ ادا کیا ہے۔