مزید11 اموات کرونا معاون خصوصی سندھ راشد ربانی جان بحق پنجاب 2صوبائی وزرا اسلم اقبال حسین گرویزی پازیٹو
اسلا م آباد/ کراچی/لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار) ملک میں کرونا سے مزید 11 افراد انتقال کرگئے جبکہ مزید 756 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ ملک بھر میں کرونا سے اموات کی تعداد 6616 ہوگئی ہیں جبکہ اب تک 3 لاکھ 21 ہزار 218 افراد کرونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 3 لاکھ5 ہزار 395 افراد صحتیات ہوچکے ہیں۔ ایک ماہ میں سندھ کے تعلیمی اداروں میں 555 افراد کرونا کا شکار ہوئے، پنجاب میں بھی کرونا کی دوسری لہر آگئی اور کرونا کیسز کا گراف اوپر جانے لگا۔ پنجاب کے 2 صوبائی وزرا بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے جن میں وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال اور صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی شامل ہیں اور انہوں نے خود کو گھروں میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ بلوچستان میں کرونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی کا رحجان برقرار ہے اور 22 نئے مریض سامنے آنے کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد صرف 185رہ گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رہنما راشد ربانی انتقال کر گئے اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ راشد ربانی کئی دنوں سے نجی ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے او رآج ان کا انتقال ہو گیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے راشد ربانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے کہا کہ راشد ربانی پارٹی کا بہت بڑا سرمایہ تھے پارٹی اور جمہوریت کیلئے راشد ربانی کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ راشد ربانی کے انتقال پر پارٹی کی قیادت اور کارکن افسردہ ہیں۔ پارٹی نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے کے دوران 315 کرونا مریض صحتیاب ہوئے اور اب تک مجموعی طور پر کرونا کے 3 لاکھ 5ہزار395 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر روزانہ 9 گھنٹے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرونا کی بگڑتی صورتحال کے بعد فرانسیسی صدر نے رات 9 سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں اگر کرونا وائرس سے بچائو کے ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو ہمیں پابندیوں کے اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسد عمر نے کرونا وائرس سے متعلق ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مظفرآباد اورکراچی میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہے جبکہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی کرونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ روز قومی سطح پر کرونا کے مثبت کیسز 2.37فیصد رہے اور کرونا مثبت کیسز کے یہ اعداد و شمار گزشتہ 50روز میں سب سے زیادہ ہیں۔ جرمنی نے ایسے علاقوں میں بارز اور ریستوران بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جہاں کوڈ 19 پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہے بدھ کے روز یہاں اپریل کے بعد پہلی بار 5000 افراد میں کرونا کی تشیخص ہوئی ہے۔ نیدر لینڈ میں بھی جزوی لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جس میں کیفے اور ریستوران بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سپین کے علاقے کینالونیا میں جمعرات سے 15 روز کے لئے بارز اور ریستوران بند رکھے کا کہا گیا ہے چیک ریپبلک میں سکول اور بار بند رہیں گے آئر لینڈ کی حکومت نے جمعرات سے دوسروں کو گھر آمد پر پابندی عائد کر دی ہے اس دوران صرف تیمار داری اور بچوں سے ملاقات کی اجازت ہو گی۔ امریکہ میں اب تک ریکارڈ 78 لاکھ افراد کرونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ دو لاکھ 16 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں ۔ لندن میں کرونا کیسز بڑھنے پر لاک ڈاؤن پابندیاں سخت کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ برطانوی وزیر صحت میٹ بنکوں نے پارلیمنٹ میں کرونا صورتحال سے متعلق بیان میں کہا گیا کہ فیملیز کے آپس میں ملنے اور ریستوران میں ایک ساتھ بیٹھنے پر پابندی ہوگی۔ شہر میں کاروبار اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ لندن میں کرونا کے ہائی الرٹ کا اطلاق آج جمعہ کی رات سے ہوگا کچھ اور علاقوں کو بھی ہائی الرٹ میں شامل کر رہے ہیں۔ بیلجیئم کے شہریوں پر یورپی یونین میں سفری پابندیاں عائد کر دی گئیں وزارت صحت کے مطابق بیلجیئم کے شہریوں کے یورپی یونین کے 27 ممالک ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔ آج جمعہ 16 اکتوبر سے بیلجیئم کے شہری صرف یورپین زون میں سفر کر سکیں گے۔ شہری سرحد پر واقع کسی ملک میں سفر نہیں کر سکتے یورپ کرونا وائرس کی دوسری لہر کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسنی نافذ کر دی گئی۔