بائیوسیکیورببل کی خلاف ورزی پر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا جائیگا‘پی سی بی کی وارننگ
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے وارننگ دی ہے کہ کسی کھلاڑی اور میچ آفیشلز کو بائیو سیکیور ببل میں موجود دیگر شرکاء کی صحت کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیںدینگے۔ آئندہ بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کی صورت میں ٹورنامنٹ سے نکالنے کا انتباہ جاری کردیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوران چند سینئر کھلاڑیوں اور آفیشلز کی جانب سے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر پی سی بی کو مایوسی ہوئی ، انہوںنے ٹورنامنٹ کی ساکھ اور بائیو سیکیور ببل میں موجود ساتھیوں کو خطرے میں ڈالا۔ یہ قابل قبول نہیں۔کھلاڑیوں اور آفیشلز میں امام الحق، فخر زمان، عثمان شنواری، یاسر شاہ، محمد حفیظ، خرم منظور، عبدا لرزاق، سہیل خان، کامران اکمل، انور علی، باسط علی اور راشد خان شامل ہیں۔