چار بھارتیوں کی رہائی سے متعلق کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیجنے کی ہدایت
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے جاسوسی اور دہشتگردی کے الزام میں سزا پانے والے چار بھارتیوں کی رہائی سے متعلق کیس چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں بھیجنے کی ہدایت کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے کہاکہ اس طرح کے سارے کیسز چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں ہیں،یہ کیس بھی چیف جسٹس کی عدالت میں بھجوا دیتے ہیں، چیف جسٹس کی عدالت میں متعلقہ کیسز زیر سماعت ہیں،آج یا پیر تک یہ کیس منتقل کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ بھارتی ہائی کمیشن نے چار بھارتی جاسوسوں کی رہائی کے لیے عدالت سے رجوع کررکھا ہے، چاروں بھارتیوں کو جاسوسی اور دہشتگردی کی الزام میں فوجی عدالت نے سزا سنا رکھی ہے۔