• news

پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ثناء اللہ مستی خیل‘ نور عالم اپنے وزراء پر برس پڑے 

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار  خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں حکومتی ارکان  قومی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل  اور نور عالم خان  وفاقی کابینہ  کے ارکان پر برس پڑے۔  اجلاس کے آغاز میں ماحول کشیدہ ہوگیا۔ مراد سعید نے کہا عطاء اللہ بات شروع کریں گے۔  ثناء اللہ مستی خیل اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے اور کہا کہ  میں پہلے بات کروں گا۔ میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں آزاد منتخب ہوا ہوں۔ حکومت اور عوام کے لیے حالات بہتر ہوتے نظر نہیں آرہے، لوگ گندے انڈے مارنے کے لیے تیار ہیں۔ ہماری حکومت کے وزیر اور مشیر ایک ٹکے کے نہیں۔ عوام بجلی اور گیس کے بل دینے کے قابل نہیں رہے، ملک میں خوراک کا بحران پیدا ہوتا نظر آرہا ہے۔ ثناء اللہ مستی خیل  وزراء سے اس حد تک نالاں تھے  کہ انہوں نے  وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’جناب وزیر اعظم آپ کی ٹیم نکمے وزراء پر مشتمل ہے۔ ان کی کارکردگی  انتہائی ناقص ہے۔ اگر میں آپ کی جگہ میں ہوتا تو میں ان کو سزا کے طور پر  بیس بیس مرتبہ گولی مارتا۔ جب تک وزیر اعظم  اپنی ٹیم ٹھیک نہیں کریں گے  صورت حال  بہتر نہیں ہو سکتی۔ پشاور سے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے بھی اپنی  ناراضی کا اظہار  کیا اور کہا حکومت میں ارکان پارلیمنٹ کو عزت  نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ  ’’پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ والے کرپٹ ضرور تھے لیکن وہ ارکان اسمبلی کو عزت دیا کرتے تھے لیکن ہماری حکومت میں ارکان  پارلیمنٹ کی کوئی عزت نہیں‘‘۔ جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کی   پارلیمانی پارٹی  کا ہنگامی اجلاس وزیر اعظم  عمران خان کی زیر صدارت  منعقد  ہوا۔ اجلاس میں  اپوزیشن  کے ایجی ٹیشن سے پیدا ہونے والی صورت حال اور ملک میں بڑھتی ہوئی  مہنگائی پر ارکان نے کھل کر اظہار خیال کیا اور کہا کہ مہنگائی کا عفریت  حکومت کی  ساری کارکردگی کو کھا جائے گا۔ انہوں نے اس بات زور دیا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے  موثر اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم کو  جس صورت حال کا سامنا کرنا پڑ رہا اس کی ذمہ دار ماضی کی حکومتیں ہیں۔ وزیر اعظم  نے کہا کہ ’’نور عالم مجھے پتہ ہے کہ آپ بھی کچھ کہنا چاہتے ہو، جو کہنا ہے کہہ لو، میں آپ کی بات سنوں گا۔ جس پر نور عالم خان نے کہا کہ جناب وزیر اعظم  مہنگائی بہت ہے، ہماری اصل اپوزیشن مہنگائی ہے،  بجلی اور گیس کے بل عوام سے نہیں  دیئے جا رہے اس میں کمی کریں۔ انہوں نے کہا  ارکان پارلیمنٹ صرف حکومت سے عزت چاہتے ہیں آپ کی ٹیم ناقص ہے۔

ای پیپر-دی نیشن