جلسہ کرنا آسان نہیں‘ فواد چودھری‘ مولانا مدارس سے مدد مانگتے رہے: شہباز گل
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی‘ نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ جسے جلسے میں جانا تھا کنٹینر اسے نہیں روک سکتے تھے۔ یہ صرف گاڑیاں روکنے کیلئے لگائے گئے۔ میڈیا سے گفتگو میں اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں کوئی پکڑ دھکڑ نہیں کی، جب بھی اپوزیشن کا جلسہ ہوتا ہے تو اس طرح کی باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس نے جانا ہوگا تو کنٹینر اسے نہیں روک سکے گا، کنٹینر صرف گاڑیاں روکنے کیلئے لگائے گئے، لوگوں کو روکنے کیلئے نہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے جلسے سے لطف اندوز ہورہی ہے، 11 پارٹیاں بمقابلہ ایک عمران خان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جو نمبر ڈائل کررہی ہے، وہ عوامی خدمت میں مصروف ہے لہٰذا مزید 3 سال انتظارکریں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیر سٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ محترمہ یہ آپ اب زیادتی کر رہی ہیں، جلسہ کی اجازت آپکے من پسند جگہ پہ اور لاہور سے روانگی بھی آپ ہی کی مرضی کے روٹ سے دے دی گئی ہے۔ انہوں نے جمعہ کو مریم نواز کو جواب دیتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا اگر جلسہ میں مجمع کم ہو تو بقول فواد ’’عاطف اسلم حاضر ہے‘‘۔ ان چچا بھتیجی کی حد ہے ایک کو جالب بننے کا شوق ہے تو دوسرے کو بینظیر۔ واہ ری سیاست کہاں لاڑکانہ کی سڑکوں پہ گھسیٹنا تھا کہاں انہی کی مثال بن رہے ہیں۔ ویسے لگتا آج بلاول ان سے بازی لے جائے گا۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کہا تھا جلسہ کرنا آسان نہیں لیڈرشپ اس انتظار میں گھروں سے لیٹ نکلی کہ پہلے لوگ جلسہ گاہ پہنچیں ان کا بس چلے تو گاڑیوں سے نکل کر تانگوں میں بیٹھ جائیں تاکہ اگلی رات بھی جلسہ گاہ نہ پہنچ سکیں۔ امید ہے اس ناکامی سے سبق سیکھ کر سیدھا راستہ اپنائیں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ بھان متی نے کنبہ جوڑا کہاں کی اینٹ کہاں کا روڑا۔ فواد چودھری نے مزید کہا اپوزیشن نے گوجرانوالہ سٹیڈیم بھرنا تھا، انہوں نے آدھا سٹیڈیم چھوڑ کر سٹیج لگایا، پہلے ہی گنجائش 30 ہزار تھی جو اب 20 ہزار رہ گئی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا اتنی جماعتیں مل کر بھی ناکامی کے خوف کا شکار ہیں، یہ عمران خان ہی تھے جنہوں نے مینار پاکستان کا گرانڈ بھر دیا تھا، ان سب سے مل کر بھی اس کا آدھا نہیں ہونا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا عمران خان کی حکومت ہر حال میں عوام کی سہولت اور کرونا سے حفاظت کے اقدامات کرے گی‘ خاندانی کرپشن بچاؤ کوشش میں معصوم عوام استعمال ہو رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مسجد میں دوگھنٹے اضافی بیٹھ کر دیگر مدارس سے مدد مانگتے رہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن پر طنز کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ ایک اور لطیفہ ہوگیا۔ فضل الرحمان کا جن پر تکیہ تھا ان کے قافلے میں چار بسیں اور 13گاڑیاں ہیں، فضل الرحمان کے قافلے میں شامل چار بسوں میں مدرسے کے ڈیڑھ سو بچے ہیں۔