قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ آج سے شروع، تمام ٹیمیں کامیابی کیلئے پرعزم
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کا آغاز آج سے ہوگا۔ کراچی میں شروع ہونے والے نان فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب کی سیکنڈ الیون کرکٹ ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ابتدائی راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن سدرن پنجاب کی ٹیم ناردرن کے مدمقابل آئیگی، دونوں ٹیموں کے درمیان آج سے شروع ہونے والا تین روزہ میچ ٹی ایم سی گراؤنڈ میں کھیلا جائیگا۔بلوچستان اور خیبرپی کے سٹیٹ بنک گراؤنڈ جبکہ سنٹرل پنجاب اور سندھ کی ٹیمیں کے سی سی اے سٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ڈبل لیگ کی بنیاد پر ہر ٹیم دس میچ کھیلے گی۔ فائنل راؤنڈ 11 سے 13 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے بعد زیادہ فتوحات اور پہلی اننگز میں سبقت کے ذریعے سب سے زیاد ہ پوائنٹس حاصل کرنیوالی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائیگا۔کپتان بلوچستان عظیم گھمن نے کہاکہ قیادت سنبھالنے پر بہت فخر ، ہر کھلاڑی ایونٹ کے آغاز کا شدت سے انتظار کررہا ہے۔ ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کریگی۔کپتان سنٹرل پنجاب محمد سعد نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو کنڈیشنز کا بخوبی اندازہ ہوچکا اور کھیل کے آغاز کا انتظار ہے۔کپتان خیبرپی کے مہران ابراہیم نے کہا کہ سکواڈ بہت متوازی ‘ کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی کی امید ہے۔کپتان ناردرن عمیر مسعود نے کہا کہ ٹیم دفاعی چیمپئن کیخلاف بہتر کھیل پیش کرکے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کیلئے پرامید ہے۔ کپتان سندھ سیف اللہ بنگش نے کہا کہ قیادت کسی اعزاز سے کم نہیں امید ہے تمام کھلاڑی بہترین کھیل پیش کریں گے۔کپتان سدرن پنجاب آغا سلمان نے کہا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کی وجہ سے ہر کھلاڑی پرجوش اور ایونٹ کے آغاز کا انتظار کررہا ہے۔ٹائٹل کے کامیاب دفاع کی کوشش کرینگے۔