• news

سعودی عرب میں 60کروڑ ریال کی سب سے بڑی کرپشن پکڑی گئی سرکاری ملازمین22 سمیت گرفتار

ریاض (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب میں اینٹی کرپشن اتھارٹی نے ملک میں کرپشن کا سب سے بڑا کیس پکڑتے ہوئے 22 افراد کو گرفتار کرلیا۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اینٹی کرپشن اتھارٹی نے 600 ملین سعودی ریال سے زائد کی کرپشن پکڑی ہے اور کیس میں 22 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ اس کیس کو سعودی عرب کا سب سے بڑا کرپشن کیس قرار دیا جارہا ہے۔ عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اس کیس میں 13 سرکاری ملازمین کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا تعلق ریاض کی میونسپلٹی سے ہے جبکہ چار بزنس مین اور کنٹریکٹنگ کمپنی کے 5 اہلکاروں کو بھی جعلسازی کے سنگین الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ملزمان کے گھروں کی تلاشی کے دوران حکام کو 193 ملین سے زائد سعودی ریال کیش کی صورت میں ملے جو چھتوں کے اندر، مسجد کے سروس روم، واٹر ٹینک اور انڈر گراؤنڈ چھپائے گئے تھے۔ اس کے علاوہ گرفتار ملزمان کی 142 ملین ریال سے زائد کی رئیل سٹیٹ پراپرٹی بھی سامنے آئی جو انہوں نے غیر قانونی فنڈز سے بنائی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے ملزمان کے بنک اکاؤنٹس میں موجود 150 ملین ریال بھی قبضے میں لئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن