• news

سٹی صدر پی پی گجرات رضوان دلدار قمر زمان کائرہ کے رویہ کیخلاف احتجاجاً مستعفی 

گجرات(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر پی پی 31و سٹی صدر رضوان دلدار چوہدری نے بلاول بھٹو اور صوبائی صدر قمرزمان کائرہ کے رویہ کے باعث عہدے سے استعفیٰ دیدیا رضوان دلدار چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے مگر پنجاب میں قمرزمان کائرہ اور انکے خاندان نے پارٹی چیئرمین کو ہائی جیک کررکھا ہے جب پارٹی چیئرمین /چیئرپرسن کسی شہر ، ضلع اور ڈویژن مین آتے ہیں تو پارٹی عہدیداران ،قومی و صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر اور سینئر کارکنوں کی چیئر مین کے ساتھ ملاقات پارٹی کا مستند پروٹوکول ہوتا ہے ماضی میں جب بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو جب کسی بھی علاقہ میں جاتے تھے تو وزراء اور پارلیمنٹیرینز کے مقابلے میں پارٹی تنظیمیں اور مقامی صدور کو وہ ساتھ رکھتے تھے۔ محترمہ بینظیر بھٹوشہید بھی علاقوں دوروں جلسوں اور جلوسوں میں پارٹی ضوابط  کے تحت پارٹی صدر اور عہدیداران کو فرنٹ پر ساتھ لیکر چلتی تھیں مگر اب قمر زمان کائرہ کیوجہ سے پنجاب آکر پارٹی چیئرمین قید ہوکر رہ جاتے ہیں پنجاب میں پارٹی کے اندر جو ہورہاہے یہ پاکستان پیپلز پارٹی کا وطیرہ ہی نہیں ہے ،کیا صوبائی صدر بتائیں عہدیداران دہشت گر د ہیں جو پنجاب میں انہیں چیئرمین سے ملنے نہیں دیا جاتا، جب چیئرمین کسی علاقہ میں جاتے ہیں اوروہاں انہیں پارٹی کے مقامی عمائدین سے ملنے نہیں دیا جاتا تو ہمارے کارکن اور عہدیداران ہمیں بے عزت کرتے ہیں کہ آپ کیسے صدر ہیں جو پارٹی رولز کے طے شدہ پروٹوکول کے تحت چیئرمین سے ہماری ملاقات تک بھی نہ کروا سکتے ۔ اس لیے میں نے اپنے عہد ہ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے

ای پیپر-دی نیشن