بار اور بنچ کو انصاف کی جلد فراہمی کیلئے کام کرنا ہوگا: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
گجرات+وزیر آباد (نامہ نگار) چیف جسٹس ہائیکورٹ لاہور قاسم خان نے کہا ہے کہ بار اور بینچ کو انصاف کی جلد فراہمی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ پرانے مقدمات کو فوقیت دیکر نمٹایا جائے۔ بار ایسوسی ایشن وزیرآباد میں لائبریری کے افتتاح کے موقع پر وکلا سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ انصاف کا نظام فیل ہو گیا تو اس کا سب سے زیادہ نقصان وکلاء کو ہوگا۔ وکلاء کو چاہئے کہ وہ کتاب سے رشتے کو مضبوط بنائیں بار اور بینچ کا رشتہ اسی طور پر مزید مضبوط ہو گا کہ ہم انصاف کے فروغ کیلئے متحد ہو کر کام کریں۔ بروقت انصاف کی فراہمی سے سائلین کا ادارے پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خاں نے کہا کہ کہ کرونا لاک ڈاون کے دوران عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جوڈیشل افسروں کو پہلے سے زیر التوا کیسز اور نئے دائر ہونے والے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے بھرپور محنت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں جوڈیشل افسروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف جسٹس نے گجرات بار ہال کا سنگ بنیاد رکھا۔ ممبران بار سے بھی خطاب کیا اور نوجوان وکلاء میں انٹرن شپ کے چیک تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ زیر التوا مقدمات کی تیزی سے سماعت اور ان پر میرٹ پر فیصلوں کے ذریعے ہی سائلین کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ ججز ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل پیرا رہیں اور اپنے کردار و عمل سے عدلیہ کی عزت و وقار میں اضافہ کا باعث بنیں۔