• news

لیگی کارکنوں، کیپٹن صفدر کے احاطہ مزار قائد پر نعرے، پی ٹی آئی ایم پی اے، انتظامیہ نے پرچہ کیلئے درخواست دیدی

کراچی‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر‘ وقائع نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے وقت مسلم لیگی کارکنان کی ہلڑ بازی کی وجہ سے مزار قائد انتظامیہ بے بس ہو کررہ گئی اور لیگی کارکنان تمام رکاوٹیں عبورکرتے ہوئے مزار قائد میں داخل ہوگئے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازکی مزار قائد پر حاضری کے وقت مزار قائد انتظامیہ نے ان کی چھ گاڑیوں کو اندر جانے کی اجازت دی تھی لیکن کارکنان دھکم پیل اور ہلڑ بازی کرتے ہوئے مزارکے احاطے میں داخل ہوگئے جس پر مزار انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مریم نواز کارکنوں کے ہمراہ مزار قائد پہنچیں اور فاتحہ خوانی کی۔ جہاں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی‘ سابق گورنر سندھ محمد زبیر‘ کیپٹن (ر) محمد صفدر اور مریم اورنگزیب بھی ان کے ساتھ تھیں۔ اس موقع پرکیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد پر نعرے لگوا دیئے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے لگوائے۔ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل  اور رکن صوبائی اسمبلی اظہر بریگیڈئر تھانے پہنچ گئے۔ راجہ اظہر نے کیپٹن (ر) صفدر‘ مریم نواز اور مریم اورنگزیب کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست دیدی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ مختلف رہنما مزارکی چالی پھلانگ کر مزار قائد میں داخل ہوئے اور نعرے لگائے‘ہلڑبازی پر انتظامیہ بے بس ہو گئی ‘مزار قائد کا تقدس پامال کرنے پر ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مزار قائد کا تقدس پامال کرنے والوں پر ایف آئی آر درج ہونی چاہئے۔ مزار قائد پر ایسی بے ہودہ حرکت پہلے نہیں دیکھی‘ جہالت کی انتہا ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے مزار قائد پر نعرے لگوانے پر وفاقی وزرا نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی  نے کہا ہے کہ مزار قائد پر نعرے لگوانا قابل قبول نہیں، ان کریمنلز نے مزار قائد کے تقدس کا پامال کیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر اور مریم نوازکو معافی مانگنی چاہیے۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہبازگل نے کہا کہ مریم جہاں بھی گئیں ضابطے، قوانین اور سماجی اقدارکی پامالی کی۔ کیا کبھی بابائے قوم کے مزار پر ایسی سستی اور بدتمیز حرکتیں پہلے ہوئیں؟۔ مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے بیان میں کہا ہے کہ اس شخص کا کردار تو نعرے کی دہائی سے قوم کے سامنے سے کرپٹ ٹولے نے سپریم کورٹ‘ پارلیمانی‘ قومی عسکری اداروں کا تقدس پامال کیا۔ اس کرپٹ ٹولے نے قائداعظم کے مزارکا تقدس  بھی پامال کیا۔ مسلم لیگ (ن) کو اس حرکت پر قوم سے فوری معافی مانگنی چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن