مزار قائد کو سیاست کیلئے استعمال کرنا شرمناک، ملک لوٹنے پر معافی مانگتے: شبلی فراز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بابائے قوم کے مزارکو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ محسن پاکستان کے مزار پر جاکر معافی مانگتے کہ ہم نے ان کے بنائے وطن کو بے دردی سے لوٹا۔ نظریے سے انحراف کیا۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بابائے قوم کے مزارکو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ محسن پاکستان کے مزار پر جاکر معافی مانگتے کہ ہم نے ان کے بنائے وطن کو بے دردی سے لوٹا۔ نظریے سے انحراف کیا اور اپنی جیبیں بھر کے پاکستان کے عوام کو کنگال کیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم)صرف شو کر رہی ہے جس میں پاور نہیں۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی نہ کوئی سمت ہے نہ کوئی پلان اور نہ ہی انکے نظریات اور موقف ایک ہیں، ان کے پاس صرف ذاتی دکھ ہیں، عوام کیلئے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ مولانا فضل رحمان سے پہلے تقریر کرا لیں۔ خالی کرسیوں سے تقریر کرانا ان کا مذاق اڑانا ہے۔