• news

کرونا: بلوچستان ایک، پنجاب میں 10 اموات، عوام چند ماہ مزید احتیاط کریں: صدر علوی

اسلام آباد (آئی این پی) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے مزید 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی اپ ڈیٹ رپورٹ کے  مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 567 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 23 ہزار 19 ہو گئی ہے۔ پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 654 ہو گئی ہے، جب کہ 534 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کرونا کے 9ہزار 296مریض زیر علاج ہیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 429کرونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کروناسے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 7 ہزار 69 ہوگئی۔کرونا کی تشخیص کے لیے ملک میں 24گھنٹوں کے دوران 32ہزار 62ٹیسٹ کیے گئے، مجموعی طور پر اب تک پاکستان میں 40لاکھ 74ہزار 24کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا کیسزکی یومیہ تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ یورپی ممالک میں کرونا کیسز میں اضافہ دنیا بھر میں کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ بنا۔ دنیا بھرمیں کرونا کیسز کی تعداد 3 کروڑ 99 لاکھ سے زیادہ ہوگئی جبکہ کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 11 لاکھ 14ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ دنیا بھر سے رپورٹ کیسزمیں 100 میں سے34 کرونا مریضوں کا تعلق یورپ سے ہے۔دنیا بھرمیں کرونا کیسز کی تعداد 3 کروڑ 99 لاکھ سے زیادہ ہوگئی جبکہ کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 11 لاکھ 14ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عوام سے کرونا وبا سے بچائو کیلیء احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کے خلاف جنگ کافی حد تک جیت چکے ہیں ، تاہم ابھی مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوئی ، کرونا وباء دوبارہ پھیلنے کے تناظرمیں مزید چند مہینوں کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔  پنجاب میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا انفیکشن سے 10افراد انتقال کر گئے ہیں صوبہ  بلوچستان میں 19روز بعد کرونا وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ پنجاب میں کرونا سے مزید دس افراد کے انتقال کے بعد اموات کی تعداد 2298ہوگئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں 134نئے کیسز سامنے آئے جس سے کیسز کی مجموعی تعداد 1لاکھ 1ہزار 559ہو گئی ہے۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں 77، ملتان میں 13، راولپنڈی میں 10 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کرونا وبا سے اپنی عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے مزید مشکل وقت آنے والا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ویڈیو پیغام میں جرمن چانسلر میرکل نے عوام کو کرونا وائرس کی دوسری لہر کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس یک جہتی کا دوبارہ مظاہرہ کریں، جو انہوں نے رواں برس موسمِ بہار کے ایام میں دکھائی تھی۔ میرکل کے مطابق کرونا کی وبا کے پھیلائو کو قابو کرنے اور وائرس کے پھیلائوکو سست کرنا بھی ان اقدامات کا مقصد تھا۔ فیصل آباد الائیڈ ہسپتال میں کرونا کی مشتبہ مریضہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں علامہ اقبال کالونی کی 80 سالہ رضیہ بی بی زوجہ رمضان کو نزلہ زکام اور بخار ہونے پر الائیڈ ہسپتال داخل کروایا گیا تو جہاں پر ڈاکٹروں نے کرونا کی علامات ظاہر ہونے پر مشتبہ مریض قرار دیتے ہوئے ٹیسٹ لیبارٹری بھجوائے گئے، تاہم کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل ہی مذکورہ ادھیڑ عمر خاتون زندگی کی بازی ہار گئی۔

ای پیپر-دی نیشن