امریکی مخالفت رائیگاں، ایران پر اسلحہ خریداری کی پابندی ختم بڑے معاہدے کریں گے: حسن روحانی
تہران(این این آئی + نیٹ نیوز) ایران پر عائد کی جانے والی اسلحہ کی خرید و فروخت سے متعلق اقوام متحدہ کی پابندیاں ختم ہو نے کے بعد ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب دوسرے ملکوں سے اسلحہ کے حصول کے بڑے بڑے معاہدے کرے گا۔ ایک بیان میں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاکہ ایران پر اسلحہ کے حصول اور فروخت پرپابندی ختم ہوچکی ہے۔ اس کے بعد ایران کسی بھی ملک سے کسی بھی وقت اسلحہ خرید بھی سکتا ہے اور اپنے ہاں تیار کردہ جنگی ہتھیار فروخت بھی کر سکتا ہے۔ ایران نے اسلحہ خریدنے یا فروخت کرنے سے متعلق اقوام متحدہ کی طویل پابندی کے اختتام کو امریکا کے مقابلے میں سیاسی کامیابی قرار دے دی۔ خبررساں ادارے کے مطابق یہ پابندی ایران اور6 عالمی طاقتوں کے مابین 2015ء میں ہونے والے جوہری معاہدے کے تحت 18 اکتوبرکو ختم ہونی تھی۔