آذربائیجان کیساتھ ہیں، مسئلہ اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے: عمران
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کے لئے آذربائیجان کے شانہ بشانہ ہے۔ اتوار کے روز ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے اپنی علاقائی سالمیت کا بہادری سے دفاع کرنے پر آذربائیجان کی افواج کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کے صدر اور عوام کو ان کے یوم آزادی کی مبارکباد بھی دی۔ وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ یوم آزادی کے موقع پر میں آذربائیجان کے صدر اور برادرانہ عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم اپنی جغرافیائی سالمیت کا پوری جرات سے دفاع کرنے والی آذری فوجوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان سلامتی کونسل کی قرارداوں کی روشنی میں نگورنو کاراباخ کے حل کیلئے آذربائیجان کے ساتھ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے آذربائیجان اور آرمینیا میں جنگ بندی پر بیان میں کہا ہے پاکستان انسانی بنیادوں پر آزربائیجان اور آرمینیا میں جنگ بندی کا خیرمقدم کرتا ہے۔18 اکتوبر کو جنگ بندی سے انسانی بحران کو مزید بڑھنے سے روکنا ممکن ہوگا۔ امن واستحکام کے لئے یہ ایک مثبت قدم ہے۔ امید ہے کہ انسانی صورتحال بہتر بنانے کی طے پانے والی شرائط کی فریقین پاسداری کریں گے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ پائیدار امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عمل اور آرمینیاکی فوج کے آذربائیجان کے علاقوں سے مکمل انخلاء پر منحصر ہے۔ پاکستان آذربائیجان کے برادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کے مطابق نگورنوکاراباخ کے حل میں آذربائیجان کے ساتھ ہیں۔