بھارت کے ساتھ 4 سال تک باہمی کرکٹ سیریز نہیں ہوسکتی: وسیم خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ 2021 ء میں بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزہ جاری کرنے کی ذمہ داری بھارت کی ہے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا اْمید ہے کہ بھارت پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرے گا اور جنوری میں ہمیں اس کا علم بھی ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ باہمی سیریز اگلے 4 سال تک نہیں ہو سکتی، بھارت سے کرکٹ ہمارے اختیار میں نہیں ہے، یہ فیصلہ بھارت کو کرنا ہے۔خیال رہے کہ عالمی وبا کرونا کے باعث اب نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ملتوی ہو چکا ہے۔ 2021 میں ہونے والا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھارت میں شیڈول ہے تاہم ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے 22-2021 میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میزبان کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔