حکومت اہداف پورے کرنے کیلئے ٹیکس قوانین ‘ریٹس کا اطلاق یکساں بنائے:ذوالفقار خان
لاہور( کامرس رپورٹر )پاکستان ٹیکس فورم کے چیئرمین ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکس قوانین اور ٹیکس ریٹس یکساں نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کااعتماد مجروح ہو رہا ہے اور ٹیکس کلیکشن میں بھی نمایاں اضافہ نہیں ہو رہا ،پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ٹیکس ریٹس کیش پر اور ڈیبٹ کارڈپر اور ہیں یہ تضاد کیوں ہے؟۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر لاہور ٹیکس بار علی احسن رانا، عائشہ قاضی ، فیصل اقبال خواجہ ، افتخار شبیر ، عمر اقبال خواجہ، نعیم خان دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے مختلف سیکٹرز اور کیٹیگری پر مختلف ٹیکس وصولی کی جارہی ہے اور ٹیکس ریٹس میں تضاد پایا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ٹیکس اہداف پورے نہیں ہوتے۔ ایف بی آر کو4968ارب اور پنجاب ریونیواتھارٹی کو125 ارب سے ٹیکس اہداف دئیے گئے جو پورے ہوتے نظر آرہے ہیں۔ ٹیکس کلیکٹرز کے روئیہ اور افسر شاہی ریونیو کلیکشن میں بڑی رکاوٹ ہے۔ جب تک افسران اوپن ڈور پالیسی پر عمل پیر انہیں ہوں گے یہ نظام اور سسٹم بدلا نہیں جا سکتا۔حکومت ٹیکس اہداف کو پورا کرنا چاہتی ہے تو آسانیاں پیدا کرے اور ٹیکس قوانین اور ٹیکس ریٹس کا اطلاق یکساں بنائے۔