انجینئرنگ کونسلکا طلبا کو انجینئرنگ تعلیم کے حصول کیلئے وظائف دینے کا اعلان
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں کے طلبا کو انجینئرنگ کی تعلیم کے حصول اور ملک کی ترقی میں اپنا متحرک کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لئے مانگ اور میرٹ پر مبنی شعبوں میں تعلیمی وظائف دینے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے حکام کے مطابق تعلیمی وظائف کی اس سکیم سے ملک کے پسماندہ علاقوں کے نادار گھرانوں کے طلبا کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا تاکہ وہ اعلی تعلیمی اداروں سے مطلوبہ اہلیت اور صلاحیت حاصل کر کے صنعتی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے اپنے علاقہ کے لوگوں سماجی۔ اقتصادی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ اس اسکیم کے تحت بلوچستان ، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر ، انضمام شدہ قبائلی علاقوں بشمول خیبر پختونخوا،سندھ اور پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے ڈومیسائل کے حامل طلبا کو چار سال کے دوران (125 وظائف سالانہ) 500 تعلیمی وظائف دیئے جائیں گے۔ سکالرشپ کی رقم ایک لاکھ روپے سالانہ ہوگی جس میں ٹیوشن فیس ، رہائشی اخراجات اور کتب کے اخراجات شامل ہیں۔ متعلقہ تعلیمی ادارہ جہاں سے طالب علم نے 2020 میں داخلہ حاصل کیا ہو کونسل کے منسلک ادارہ کی حیثیت سے بھی منتخب طلبا کو (مالی یا خصوصی) اضافی اعانت بھی فراہم کریں گے۔ طلبا ء کو اس حوالے سے کونسل سے وابستہ اداروں میں تعلیم کی ہی سہولت ملے گی اور کونسل سے وابستہ اداروں کی فہرست کونسل کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہے۔ تعلیمی وظائف کے حصول کے لئے درخواستیں 31 اکتوبر تک وصول کی جائیں گی۔