• news

شیخوپورہ، بھکھی میں آٹے کا بحران، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈی ایف سی معطل

شیخوپورہ/ بھکھی (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) شیخوپورہ اور بھکھی میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ ضلع شیخوپورہ میں آٹے کے بحران کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سیکرٹری محکمہ خوراک پنجاب نے ڈی ایف سی شیخوپورہ شاہ نواز چوہان کو فوری طور پر معطل کر دیا اور ہدایت جاری کی ہے کہ ضلع شیخوپورہ میں مٹی ملی گندم خریدنے میں ملوث افسروں کے خلاف بھی فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے اور تمام گوداموں میں موجود گندم کے ذخائر کی پڑتال کی جائے۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایف سی کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کی تحقیقات کا معاملہ نیب کے سپرد کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق ڈی ایف سی شاہ نواز چوہان کو پروانشنل انٹیلی جنس سنٹر کی رپورٹ پر معطل کیا گیا ہے جس میں محکمہ خوراک ضلع شیخوپورہ میں مالی بدعنوانیوں بے ضابطگیوں اور سرکاری گندم کی فروخت اور چند فلور ملوں کے مالکان کی ملی بھگت سے سرکاری گندم مارکیٹ میں 2100 / 2150 روپے فی 40 کلو کے حساب سے فروخت کرنے کے الزامات لگائے گئے جبکہ گندم کی سرکاری قیمت 1375 روپے فی 40 کلو ہے۔ ادھر فیروز وٹواں اور مضافاتی علاقوں میں آٹا نایاب لوگ دس کلو آٹے کے تھیلے کے لئے مارے مارے پھرنے لگے چکی مالکان کی لوٹ مار جاری جبکہ کئی دوکاندار زائد قیمت پر آٹا فروخت کررہے ہیں مصنوعی مہنگائی مافیا نے آٹا غائب کیا ہے۔ انتظامیہ خاموش تماشائی‘ شہریوں کا شدید احتجاج ڈی سی او شیخوپورہ سے نوٹس لے کر کاروائی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھکھی اور گردونواح میں آٹا نایاب لوگ آٹے کے حصول کے لئے مارے مارے پھرنے لگے مگر آٹا نہیں مل رہا اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چکی مالکان کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ ایک سروے میں شہریوں کا کہنا تھا کہ جن دوکانداروں کے پاس آٹا موجود ہے وہ بھی زائد قیمتیں موصول کررہے ہیں اور بعض دوکاندار آٹا ہونے کے باوجود کسی کو سرکاری ریٹ پر آٹا دینا اپنی توہین سمجھتے ہیں شہریوں نے انتظامیہ کی بے حسی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹا زائد قیمت پر فروخت کرنے والے دوکاندار وںکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن