• news

بلاول نے اداروں کیخلاف تقاریر کو افسوسناک قرار دیکر عقلمندی کی: فیاض چوہان

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کی جانب سے نواز شریف کی ملک دشمن اور ریاستی اداروں کے خلاف بغض و عناد پر مبنی تقاریر سے دوری کے عندیے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج اور ریاستی اداروں کے خلاف نواز شریف کی تقاریر کو افسوسناک قرار دے کر بلاول زرداری نے عقلمندی کا ثبوت دیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے کراچی کے  جلسے میں نواز شریف کی تقریر نشر نہ کرنے کا موقف اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا آصف زرداری جانتے ہیں کہ نواز شریف کی ہر تقریر کے بعد عوام میں پی ڈی ایم کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نواز شریف ہر موقع پر مودی سرکار، را  اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ کی زبان بولتے ہوئے پاکستان کے خلاف مزید زہر اگل رہے ہیں۔ غیر متحدہ اپوزیشن میں یہ اختلاف بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہو گا۔ آئندہ چند ہفتوں میں نون اور میم لیگ کے باعث اپوزیشن کا یہ غیر سیاسی اتحاد پارہ پارہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔  بارہا کہہ چکا ہوں کہ نون اور میم لیگ جتنا کھل کر کھیلے گی، اپنا اور پی ڈی ایم کا بیڑہ غرق کرے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے امید ظاہر کی کہ آصف زرداری اور بلاول زرداری اپنے اس جراتمندانہ فیصلے پر قائم رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن