• news

آرمی چیف جنرل باجوہ سے برطانوی چیف آف ڈیفنس کی ملاقات، امن کیلئے کوششوں کو سراہا، سوئس سفیر بھی ملے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں متعین سوئٹزر لینڈ کے سفیر سر جاٹڈ  بینڈکٹ  نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ سوئس سفیر نے پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان میں تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن اور تنازعات سے بچنے کے لیے شاندار کردار ادا کیا ہے۔ دریں اثناء برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے گزشتہ روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو  مزید مستحکم کرنے کے موضوع پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ مہمان جنرل نے خطہ میں امن و استحکام  کی خاطر مسلسل کوششوں  اور بطور خاص افغانستان میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

ای پیپر-دی نیشن