• news

 نیب کا  شہباز شریف کے خلاف صاف پانی کرپشن انکوائری بند کرنے کا فیصلہ 

لاہور(نوائے وقت رپورٹ +این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب )لاہور نے شہباز شریف کے خلاف  صاف پانی کرپشن انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے انکوائری بند کرنے کے لیے چیئرمین نیب سے منظوری مانگ لی ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انکوائری کے دوران نامزد افراد کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں مل سکے۔چیئرمین نیب کو پیش کردہ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 کی شق 45 کی سب شق 5 کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ نیب انکوائری میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں کو 19 کروڑ 59 لاکھ 70 ہزار کی رقم ادا کی گئی جبکہ صاف پانی جنوبی پنجاب آفس 2 سال کے لیے کرائے پر دیا گیا اور کرائے کی مد میں 6 کروڑ 48 لاکھ 29 ہزار کی رقم ادا کی گئی۔چیئرمین نیب سے سفارش کی گئی کہ معاملہ ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو بھیج دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن