پارلیمنٹ حملہ کیس‘ عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ 29 اکتوبر کو سنایا جائیگاq
اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعظم عمران خان کی پارلیمنٹ حملہ کیس میں بریت کی درخواست پر فیصلہ 29 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔ پیر کو انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے وکیل کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا ،سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مقدمہ خارج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بھی 29 اکتوبر کو ہی کیا جائے گا۔ وکیل شاہد نسیم گوندل نے کہاکہ عدالت ہمیں نوٹس دیگی تو شاہ محمود قریشی جواب جمع کروا دینگے۔ جج راجہ جواد عباس نے کہاکہ پونے چار سال سے نوٹس دے رہے ہیں اب کی بار تو دھمکی دے رکھی ہے۔ وکیل شاہد نسیم گوندل نے کہاکہ کورٹ کی طرف سے نوٹس آئے یا دھمکی ہمیں قبول ہے۔نواز شریف کے خلاف مدعی مقدمہ شاہ محمود قریشی کو اخراج رپورٹ پر جواب مقررہ تاریخ سے قبل جمع کرانے کا حکم دیا گیا ، عدالت نے پی ٹی وی حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کے وکیل کو 12 نومبر کو دوبارہ دلائل دینے کا حکم دیا ۔ وکیل نے کہاکہ علیم خان کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ہے، حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کی جائے۔ جج راجہ جواد عباس نے کہاکہ اگر علیم خان کا کرونا پازیٹو آیا ہے تورپورٹ عدالت میں جمع کروا دیں۔