• news

بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ انتشار چاہتا ہے، عوام کو چند ہفتوں میں اچھی خبریں ملیں گی: شبلی فراز

اسلام آ باد (نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ریڈیو اور پی ٹی وی کی عظمت رفتہ بحال کرنا ہمارا مقصد ہے۔ آلات کی جدت اور پیشہ ورانہ ضروریات پوری کرنے کے لئے مینجمنٹ لیول پر اقدامات کررہے ہیں۔ ہم نے ادارے کو خود انحصار بنانا ہے۔ ادارے کی بہتری کے لئے اصلاحات پر کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ریڈیو پاکستان پشاور اور پی ٹی وی پشاور سنٹر کے درہ کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا۔ وزیر اطلاعات نے ریڈیو سنٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سینئر آرٹسٹوں کو صحت کارڈ ملنے چاہیں، حکومتی پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کی ضرورت ہے جس کے لئے ریڈیو  موثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ ماضی میں حکومتوں نے اداروں میں بے تحاشہ بھرتیاں کیں جس سے ادارے معاشی طور پر کمزور ہوئے۔ ہم ادارہ جاتی اصلاحات لا رہے ہیں تا کہ اداروں کو مضبوط بنایا جا سکے۔ ادارے کی بہتری کے لئے اصلاحات پر کام جاری ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا  کہ حکومت اپوزیشن کی جلسیوں سے خوف زدہ نہیں، اپوزیشن کی کرپشن بچانے کی مہم کامیاب نہیں ہو گی۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے مزار قائد پر ہلڑ بازی قابل مذمت ہے، نواز شریف کی واپسی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان مضبوط اور خوشحال ملک بنے گا، آئندہ چند ہفتے میں عوام کو اچھی خبریں ملیں گی۔صحافیوں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ حکومت میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ بنارسی ٹھگوں کے ٹولے کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ عناصر اپنی لوٹ مار اور کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں۔  2018کے الیکشن میں عوام نے ان عناصر کو مسترد کر دیا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ ماضی میں اداروں کو کمزور اور ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کی سیاست ہوئی، یہ کاروباری لوگ تھے، اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ یہ سوالوں کے جواب دینے کی بجائے چوری کیساتھ سینہ زوری بھی کرتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ اپوزیشن ناکام شو کر رہی ہے۔ فضل الرحمان طویل عرصے تک کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے، بتائیں کہ اس کاز کیلئے کیا کیا؟۔ 

ای پیپر-دی نیشن