• news

عمران خان مہنگائی کے جن کو 2 ماہ تک بوتل میں بند کر دینگے: شیخ رشید  

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ دو ماہ میں عمران خان مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو بالکل کھلا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسہ کے بعد حکومت بھی کچھ کرے گی۔ بانی پاکستان کے مقبرہ  کے بے حرمتی پر قانون کو حرکت میں آنا چاہئے۔ وفاقی وزیر ریلوے کا عوامی مسلم لیگ آزاد کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کے خلاف بین الاقوامی دباؤ بڑھایا جا رہا ہے تو وہیں اندر بھی خلفشار پیدا کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا اصل ایجنڈا یہ ہے کہ ہم سینٹ الیکشن نہ جیت سکیں۔ لیکن مارچ میں عمران خان کی ایوان بالا میں بھی اکثریت ہوگی۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جلسہ جلسہ کھیل رہی ہے۔ اگر جلسوں سے حکومت جاتی تو پھر کسی بھی وقت جمہوریت کے خلاف اکٹھا ہوا جا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن