ملک انتشار کا متحمل ہو سکتا ہے نہ اس کی اجازت دینگے: چودھری سرور
سیالکوٹ/ پسرور/ ڈسکہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ مادرِ ملت فاطمہ جناح نے کہا تھا کہ کشمیر دفاعی نقطہ نگاہ سے پاکستان کی زندگی اور روح کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے ضلع سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے موضع رکن آباد میں قائم جموں ہاؤس میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق، سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سلطان محمود چوہدری، رہنما تحریک انصاف عمرڈار، سابق ایم ایل ایز آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری مقبول احمد اور صاحبزادہ حامد رضا کے علاو ہ پاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیداران اور کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ نریندر مودی ناصرف مسلمانوں کے بلکہ سکھوں اور عیسائیوں کے بھی خلاف ہے۔ ہندوستان میں عیسائیوں کو زبردستی ہندو بنایا جا رہا ہے۔ دریں اثناء پسرور میں گورنر پنجاب نے تحریک انصاف کا آزاد کشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری چودھری مقبول احمد آف رکن آباد کی طرف سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں۔ لہذا گیارہ جماعتوں کے اتحاد پر مبنی پی ڈی ایم کی تحریک کامیاب نہیں ہوگی۔ پاکستان انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا اور نہ ہی حکومت کسی کو ملک م یں انتشار پھیلانے کی اجازت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ کنٹرول لائن پر حالات کشیدہ ہیں اور پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان حالات میں پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے دشمن کی زبان بول رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور بھارت کے مظالم کے سامنے کشمیری سیسہ پلائی دیوار بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر جلد آزاد ہوگا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ سیالکوٹ پسرور روڈ جلد بنائی جائے گی اور وہ اس سلسلہ میں منسٹر فنانس سے بات کریں گے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کی وجہ سے اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلہ پر بات ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی فوج کے ناجائز قبضے کے خلاف شاندار جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل چودھری مقبول احمد رکن آباد نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان احمد، عمر ڈار اور سابق ایم پی اے منور گل کی ورکرز کنونشن میں آمد پر ان سے اظہار تشکر کیا۔ تقریب سے سابق ایم پی اے منور علی گل نے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سے مطالبہ کیا کہ پسرور سیالکوٹ روڈ کی تعمیر کے لئے فوری فنڈز فراہم کیئے جائیں۔ گورنر پنجاب نے ڈسکہ میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ موقف درست ثابت ہوا ہے کہ جب بھی احتساب ہوگا تو کرپشن کرنے اور اس میں حصہ وصول کرنیوالے اکٹھے ہوجائیںگے۔ یہ عوام کو روزگار دلانے کیلئے نہیں بلکہ اپنی بیروزگاری کا دورانیہ طویل ہونے پر باہر نکلے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو کسی صورت این او آرنہیں ملے گا۔ وہ اس کیلئے چاہے دھرنے دیں یا جلسے کریں لوٹ مار کرنیوالے اکٹھے ہوجائیں گے۔ یہ اب جلسے کریں یا دھرنے دیں انہیں این آر او نہیں ملنا۔ سارے بیروزگار سیاستدان اکٹھے ہوگئے ہیں یہ سمجھتے ہیں کہ سڑکوں پر نکل کر حکومت کوبلیک میل کرلیں گے۔ نوازشریف خود لندن میں بیٹھ کر کارکنوں کو باہر نکلنے کا کہہ رہا ہے اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کی کثیرتعداد موجود تھی۔