بچیانہ: ڈکیتی مزاحمت پر بیوپاری قتل، انچارج چوکی معطل، لاہور میں 20لاکھ کے ڈاکے
بچیانہ/ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) بچیانہ میں ڈکیتی مزاحمت پر سبزی کے بیوپاری کو قتل کر دیا گیا۔ جبکہ لاہور میں 20 لاکھ کے متعدد ڈاکے، شہری طلائی زیورات و قیمتی اشیاء سے بھی محروم۔ تفصیلات کے مطابق بچیانہ میں ڈاکوئوں نے مزاحمت پر سبزی کا بیوپاری قتل کر دیا۔ لواحقین کا روڈ بلاک کر کے احتجاج، پولیس کے خلاف نعرے بازی۔ ایس پی نے انچارج پولیس چوکی بچیانہ کو معطل کردیا۔ پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ گائوں چک نمبر562گ ب کا رہائشی عزیز الرحمن سبزی کا بیوپار کرتا تھا جو گذشتہ روز 9بجے دِن کے قریب سبزی منڈی بچیانہ سے جڑانوالہ جارہا تھا کہ تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ بچیانہ جڑانوالہ روڈ پر بیڑی موڑ سٹاپ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے اسے روک کر رقم چھیننے کی کوشش کی تو عزیز الرحمن نے مزاحمت کرتے ہوئے موٹر سائیکل بھگا دی۔ جس پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں عزیز الرحمن موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی واردات پر مقامی پولیس کی طرف سے ڈکیتی کی واردات کو دشمنی کا شاخسانہ قرار دئیے جانے پر مقتول کے ورثاء اور اہل دیہہ نے احتجاج کرتے ہوئے جڑانوالہ بچیانہ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مقتول کے بھائی محمد اصغر کی مدعیت میں 4نامعلوم ڈاکوئوں نے خلاف زیر دفعہ 393ت پ، 302ت پ مقدمہ نمبری 507/20درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ لاہور میں متعدد وارداتوں کے دوران شہری لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان سے محروم۔ جنوبی چھاؤنی میں مسلح ڈاکوؤں نے ذوہیب سے5لاکھ 10 ہزار کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان۔ گرین ٹائون میں ڈاکوئوں نے تبسم سے 3لاکھ 45ہزار کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان۔ لیاقت آباد میں ڈاکوئوں نے مقبول سے گن پوائنٹ ہر 4لاکھ 80ہزار کی نقدی لوٹ لیے .اقبال ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے عدنان سے اسلحہ کے زور پر2لاکھ 10ہزار کی نقدی، طلا ئی زیورات اور دیگر سامان، مصری شاہ میں ڈاکوئوں نے میاں علی سے 2لاکھ نقدی، موبائل فون اوردیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ مناواں میں ڈاکوؤں نے سرور سے2 لاکھ 45ہزار کی نقدی اور دیگر سامان۔ لوئر مال کے علاقہ میں ڈاکوئوں نے صدیق سے 1 لاکھ 22ہزار کی نقد ی اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا جبکہ شاہدرہ، راوی روڈ، مصطفی ٹاؤن نصیرآباد اور گلشن راوی کے علاقے سے گاڑیاں اور لٹن روڈ۔ اسلام پورہ، غازی آباد، لوئر مال، بادامی باغ، گوالمنڈی، شمالی چھائونی، باغبانپورہ سے موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔