• news

شاہ محمود کا آذری ہم منصب کو فون‘ دورہ پاکستان کی دعوت: نگورنو کارا باخ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تشویش

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے آذری ہم منصب کو فون کر کے کہا ہے کہ پاکستان کو نگورنو کاراباخ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پرگہری تشویش ہے۔ ہون بائرموف کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا آرمینیا کی طرف سے آذربائیجان کی دیہی آبادی پر بھاری گولہ باری قابل مذمت ہے اور پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت اور عوام کے ساتھ ہے۔ دوسری طرف آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے حالیہ تنازعہ میں پاکستان کی طرف سے بھرپور حمایت پر شاہ محمود کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ پاکستان نے بھی او آئی سی رابطہ گروپ سمیت مختلف عالمی فورمز پر آذربائیجان کی طرف سے نہتے کشمیریوں کی بھرپور حمایت کو قابل تحسین قرار دیا۔ تجارت، تعلیم، اور کلچر سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے آذری وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے شکریئے کے ساتھ قبول کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن