شہباز شریف کیخلاف صاف پانی کمپنی کیس میں انکوائری بند نہیں کی،نیب
اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو نے بعض میڈیا رپورٹس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف نیب لاہور نے صاف پانی کمپنی کیس میں کوئی انکوائری بند نہیں کی۔نیب نے شہباز شریف کے خلاف بد عنوانی کے ریفرنسز معززاحتساب عدالت میں قانون کے مطابق ٹھوس شواہد اور مستند دستاویزات کی بنیاد پر دائر کئے ہیں جو اس وقت معزز عدالت مجاز میں زیر سماعت ہیں۔نیب نے زیر سماعت مقدمات پر مبینہ طور پر اثر انداز ہونے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ زیر سماعت ریفرنسز کے میرٹس کے بارے میں قیاس آرائیوں کی بجائے معزز عدالت مجاز کے فیصلے کا انتظار کریں جو آئینی اور قانونی طریقہ کار ہے۔