زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی کھلاڑیوںکے کرونا ٹیسٹ آج سے پریکٹس
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) زمبابوے کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی جو شاہینوں کیساتھ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔زمبابوے کرکٹ ٹیم اور آفیشلز کے ائیرپورٹ سے ہوٹل پہنچتے ہی کرونا وائرس ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا، مہمان سکواڈ آئندہ سات روز قرنطینہ میں گزارے گا جس کے دوران آرمی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔مہمان ٹیم نے گزشتہ روز آرام کیا اور آج سے نیٹ پریکٹس کرے گی، تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز تیس اکتوبر، یکم اور تین نومبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، سیریز میں شرکت کیلئے زمبابوے کرکٹ ٹیم گزشتہ صبح اسلام آباد پہنچی ہے۔یہ سیریز پاکستان کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ وہ راولپنڈی میں ہونے والے تین آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کے تین میچوں میں زمبابوے سے کھیل کر آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے کیلئے اپنی بولی شروع کرے گی۔آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ فراہم کرنے کیلئے سپر لیگ متعارف کرائی ہے اور وہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کی اہلیت کے طور پر کام کرے گی۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچ اصل میں ملتان کیلئے شیڈول تھے لیکن لاجسٹیکل اور آپریشنل چیلنجز کی وجہ سے انہیں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔وینیو میں تبدیلی کے بعد اب تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ 7، 8 اور 10 نومبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر یہ میچز راولپنڈی میں ہونے کا منصوبہ تھا۔