فردوس مارکیٹ انڈرپاس 31اکتوبر کو ٹریفک کیلئے کھول دیاجائے:ڈی جی ایل ڈی اے
لاہور(خصوصی نامہ نگار)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے ہدایت کی ہے کہ فردوس مارکیٹ انڈرپاس منصوبہ ہر لحا ظ سے مکمل کر کے 31اکتوبر کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے ۔ یہ حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، اس میں مزید تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔یہ لاہور کے لوگوں کی آسانی کیلئے شروع کیا گیا ہے‘ بارشوں کی وجہ سے اس کی تکمیل میں تاخیر ہوئی جس پر شہریوں سے معذرت خواہ ہیں۔ منصوبہ پر کام دن رات اور عید کے موقع پر بھی جاری رہا۔
پوری ٹیم نے بہت محنت سے کام کر کے منصوبے کو اس مقام تک پہنچایا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبہ جلد از جلد مکمل کر نے کے لئے کام کے معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔وہ منصوبے پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے سائٹ آفس میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔جس میں گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی ‘چیف انجینئر حبیب الحق رندھاوا، چیف انجینئر ٹیپا عبد الرزاق ‘پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین ‘ ڈائریکٹر فنانس محمد اختر، نیسپاک انجینئر اور کنٹریکٹر کے نمائندے شریک ہوئے ۔ ڈائریکٹر جنرل کو بتایا گیا کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا مجموعی طور پر 95 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔