گجرات: پولیس تشدد سے نوجوان ہلاک‘ ورثاء کا احتجاج‘ تھانیدار سمیت 8 اہلکار معطل
گجرات‘ لالہ موسیٰ (نامہ نگاران) موبائل چوری کے شبہ میں زیر حراست 20 سالہ نوجوان پولیس تشدد سے ہلاک ہو گیا۔ ورثاء نے نعش جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ککرالی کے اہلکاروں نے نواحی گائوں ملکہ کے رہائشی 20سالہ سخاوت علی کو 15 روز قبل موبائل چوری کے شبہ میں گائوں سے حراست میں لیا اور تھانہ کی بجائے نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں غیر قانونی حراست میں رکھتے ہوئے بغیر کسی مقدمہ اندراج کے اسے تشدد کا نشانہ بناتے رہے اور پھر حالت غیر ہونے پر تھانہ کے ایس ایچ اونے اسے معززین علاقہ کی موجودگی میں ورثاء کے حوالے کر دیا جہاں سخاوت علی کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ چل بسا۔ واقعہ کا علم ہونے پر ڈی پی او گجرات عمر سلامت نے تھانہ ککرالی کے اے ایس آئی افتخار احمد، کانسٹیبل جنید شریف، رستم علی، سید حاجب عباس بخاری، ذوالقرنین سمیت تین نامعلوم اہلکاروں کیخلاف سخاوت علی کے اغواء کا مقدمہ درج کر کے انہیں ایس ایچ او لیاقت گجر سمیت معطل کر دیا اور ایس پی انویسٹی گیشن عمران رزاق کو واقعہ کا انکوائری آفیسر مقرر کر دیا۔ دوسری جانب متاثرین نے کھاریاں جی ٹی روڈ پر نعش رکھ کر کئی گھنٹوں تک (ق) لیگی رہنما چوہدری شاہد رضا کوٹلہ کی قیادت میں احتجاج کیا۔ راولپنڈی، لاہور جانیوالی ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ بوڑھا باپ روتا رہا۔ شرافت علی نے تھانہ ککرالی کو درخواست دی مورخہ 05.10.20 کو چند پولیس اہلکار میرے بیٹے سخاوت علی کو اٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے اور تشدد کرتے رہے اور اگلی شام مورخہ 06.10.20 کو معززین علاقہ کے کہنے پر اسے چھوڑ دیا گیا، جس کی حالت تشویشناک تھی۔ میں اپنے بیٹے کو لیکر گھر آگیا جس کے بعد اسکی طبیعت دن بدن بگڑتی گئی جو مورخہ.10.20 19کو گھر پر وفات پاگیا۔ مدعی کی درخواست پر تھانہ ککرالی میں ASIسمیت 5نامزد اور 3/4کس نامعلوم پولیس ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے۔ نوجوان کی موت کا تعین کرنے کے لئے نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی تحقیقات کے لئے ایس پی انویسٹی گیشن عمران رزاق کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ ڈی پی او گجرات کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی رپورٹ آنے پر ملوث اہلکاروں کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لاکر انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ مقتول کے باپ نے وزیراعلیٰ بزدار سے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔