حادثے: شیخوپورہ ماں 2 بیٹیاں، سرگودھا میاں بیوی، میانوالی میں 2 نوجوان جاں بحق
شیخوپورہ/ سرگودھا/ میانوالی (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) شیخوپورہ موٹروے پر خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کے قریب ٹائر برسٹ ہونے کے باعث کار حادثے میں ماں، 2 بیٹیوں سمیت چل بسی۔ بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔ موٹرسائیکل حادثوں کے دوران سرگودھا میں میاں بیوی، میانوالی میں دو نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق محمد صابر اپنی فیملی کے ہمراہ چنیوٹ ویگن پر براستہ موٹروے اپنے گھرسیالکوٹ جا رہا تھا۔ خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کے قریب گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا۔ گاڑی قلابازیاں کھاتی ہوئی درختوں سے جاٹکرائی۔ حادثہ کے نتیجہ میں 25سالہ حنابی بی، تین سالہ رانی اور 8ماہ کی فاطمہ جاں بحق ہوگئے جبکہ شوہر محمد صابر چارسالہ بیٹی حرم، دوسالہ بیٹا حسن اور ویگن ڈرائیور سلمان شدید زخمی ہو گئے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق فیصل آباد روڈ پر49 ٹیل کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا کے چک 40 جنوبی کا ارشد مسیح اور اسکی بیوی 35 سالہ مشتاق بی بی موٹر سائیکل پر کہیں جا رہے تھے۔ سرگودھا فیصل آباد روڈ پر 49 ٹیل کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کوکچل دیا۔ جو موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق ٹینکر سے ٹکرانے پر 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق، بتایا جاتا ہے کہ خدوزئی کے قریب چچالی پل کے قریب آئل ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوارکامران اور رفاقت جاں بحق ہو گئے۔