• news

برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف سر نک کارٹر نے افغانستان میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ گذشتہ روز نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے افغانستان میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو جنرل نک کارٹر نے سراہا اور ان فوائد کا ذکر کیا جو امن قائم ہونے سے پاکستان اور افغانستان کو حاصل ہونگے۔ برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ افغان امن عمل میںکامیابی ایک تاریخی موقع ہے۔ ہمیں اس عمل کے خلاف کام کرنے والوں کو ناکام بنانے کی مشترکہ کوششیں کرنی چاہیں تا کہ افغانستان میں تشدد ختم ہو اور وہاں امن قائم ہو۔ برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف نے پاکستان میں خوشحالی اور استحکام جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ سر نک کارٹر کے ساتھ افغانستان کیلئے برطانوی وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ گیرتھ بیلے بھی تھے۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسٹین ٹرنر نے برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف کے دورہ پر ایک بیان  میں کہا ہے کہ میں جنرل کارٹر کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتا ہوں، یہ دورہ پاکستان کی طرف سے افغانستان میں امن کے قیام کی کوششوں کے اعتراف کی عکاسی کرتا ہے۔ برطانیہ پاکستان کیساتھ مل کر علاقے میں امن و استحکام کیلئے کام کرتا رہے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن