• news

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات، اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد (وقا ئع نگار) نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومتی نمائندوں کے مطابق نواز شریف نے جعلی میڈیکل رپورٹس جمع کرائیں۔ وہ لندن میں علاج کی بجائے ملک اور ملکی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دیا جائے۔ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کل سماعت کرے گا۔ ایک شہری زمان گیلانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں نواز شریف، شہباز شریف، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب، چیئرمین نیب، آئی جی پنجاب اور  سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف متنازعہ تقاریر کر کے بھارتی پالیسی کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ ان کی تقاریر کا مقصد پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رکھنا ہے۔ نواز شریف اپنی تقاریر سے پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف کی تقاریر کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔ نواز شریف کی پاک فوج کے اعلی حکام کے خلاف غلیظ زبان قابل شرم ہے۔ نواز شریف لندن میں علاج کی بجائے ملک اور ملکی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔ عدالت تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کہ جعلی میڈیکل رپورٹس کس نے بنائیں-

ای پیپر-دی نیشن