سکھر، لاڑکانہ، بے نظیر آباد ڈویژن میں کسی کو کتے نے کاٹا تو مقدمہ میونسپل افسر پر ہو گا: سندھ ہائیکورٹ
سکھر (نیوز ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ نے کتے کے کاٹنے پر سکھر، نوابشاہ اور لاڑکانہ ڈویژ ن کے میونسپل افسر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو کتا مار مہم کی رپورٹ ہر ہفتے پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔ عدالت عالیہ نے سندھ میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر برہمی کا اظہار کیا۔ میونسپل افسروں نے کتا مار مہم کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جس پر عدالت عالیہ نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور حکم سناتے ہوئے کہا کہ آئندہ جس بھی علاقے میں کتے کے کاٹنے کا واقعہ پیش آیا تو اس کا مقدمہ متعلقہ میونسپل افسر کے خلاف درج کرایا جائے گا۔