• news

226 ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس، نرسوں کی آج کویت روانگی

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) حکومت نے پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی پرعملدر آمد کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان سے226 ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور نرسز کی پہلی کھیپ آج  کویت روانہ ہوگی۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت نے ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی پرعملدر آمد کا آغاز کردیا، ڈاکٹرز، نرسز، ٹیکنیکشنز پر مشتمل226 میڈیکل پروفیشنلز جمعرات کو کویت روانہ ہوں گے۔ معاون خصوصی زلفی بخاری کی کویت کے سفیر عبدالرحمان سے ملاقات ہوئی، معاون خصوصی زلفی بخاری نے کویت جانیوالے میڈیکل پروفیشنلز سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کویت کو افرادی قوت برآمدکی بحالی پاکستان کیلئے تاریخی لمحہ ہے، آپ کویت میں پاکستان کے سفیر اور مزید پاکستانیوں کیلئے ملازمتوں کے حصول میں معاون ہوں گے۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کویت کی ترقی کیلئے پر عزم ہے، پاکستان 2035کے ویژن کے تحت باصلاحیت افراد کو کویت بھیجتا رہے گا، کویت ایک ہزار سے زائدہیلتھ پروفیشنلز کو روزگار فراہمی کاخواہاں ہے۔ معاون خصوصی نے کہا گزشتہ10سالوں میں کوئی بھی ہنر مندفردخلیجی ممالک نہیں بھیجاگیا، خلیج تعاون کونسل ممبرممالک کو ہنرمند افرادی قوت فراہم کرنا ترجیح ہے۔ اس موقع پر کویتی سفیر کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہیلتھ کیئر پروفیشنلز دینے پرحکومت پاکستان کے شکرگزارہیں، کویت میں قیام کے دوران پاکستانی ہنرمند افراد کو مکمل سہولیات ملیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن