• news

نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی عثمان بزدار سے تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری اور گڈگورننس کمیٹی کے سربراہ کرنل (ر) اعجاز حسین منہیس نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور اور پارٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کراچی میں مزار قائد پر نعرے لگانے کے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نعرے لگا کر مزار قائد کے تقدس کو پامال کیا گیا اور کوئی بھی ذی شعور ایسی حرکت کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ قوم اس واقعہ پر رنجیدہ ہے۔ ایسے عناصر ذاتی مفاد کی خاطر قومی مفاد کو بے پناہ نقصان پہنچا رہے ہیں۔ نئے پاکستان میں مفاد پرست لوگوں کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں۔ اپوزیشن جماعتیں شفاف پاکستان کی منزل کی جانب بڑھتے سفر کو کھوٹا کرنا چاہتی ہیں۔ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے مقبول جماعت ہے۔ وزیراعلیٰ سے  متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے وفدنے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سلیمان البداعی کر رہے تھے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی ساز گار فضا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے تمام تر سہولتیں ایک چھت تلے مہیا کی گئی ہیں۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے این او سی کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے۔ سرمایہ کاروں کے لئے ماضی میں بے شمار رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ سرمایہ کار آج پنجاب میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں۔ انہیں ہر طرح کی سہولتیں دیں گے۔ وفد کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں مزید سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ عثمان بزدار سے بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر نصیب اللہ خان مری اور رکن پنجاب اسمبلی جاوید اختر نے ملاقات کی۔  وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اسی طرح مقدم ہے جیسے پنجاب کی ۔ پنجاب حکومت نے خیرسگالی کے طو رپر بلوچستان میں مختلف منصوبے شروع کئے ہیں۔ خاران میں حکومت پنجاب کی طرف سے ٹیکنیکل کالج بنایا جا رہا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا کی صورتحال کو سختی سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔ بے احتیاطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ مریضوں اور اموات کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ دوسری لہر کو روکنے کے لیے ایس او پیز پر عمل ضروری ہے۔ عثمان بزدار نے معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی کے انتقال اور  کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن