رحمن ملک کی ٹرمپ سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کی اپیل، ٹویٹر پر مہم کا آغاز
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمن ملک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کی اپیل کی ہے۔ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ نژاد پاکستانی ووٹرز کی حمایت چاہتے ہیں تو انہیں پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالنا چاہئے۔ ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر رحمان ملک نے اپنے ذاتی ٹویٹر سے پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے مہم کا آغاز کیا ہے اور سب محب وطن پاکستانیوں سے مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کیا ہے۔ ٹویٹ میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انھوں نے امریکہ میں مقیم تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ فیٹف سے نکلنے کیلئے اپیل مہم چلائیں اور اپیل مہم میں استدعا کی جائے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ امریکہ کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں سب سے بڑھ کر ہیں۔ انھوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا پاکستان کی عظیم قربانیوں کا یہی صلہ ہے کہ اسے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے سینیٹر رحمان ملک کی جانب سے شروع کردہ مہم کو ٹویٹر پر خوب پذیرائی ملی ہے، فیٹف گرے لسٹ سے نکالے کے لئے مہم میں دنیا بھر سے پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے اپنے ٹویٹ میں امریکی صدر، مختلف کانگریس رہنما و فیٹف کے صدر کو ٹیگ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ہر سیاسی اختلاف سے مبرا ہوکر ملکی مفاد کی خاطر سب پاکستانی اس مہم میں حصہ لیں۔