آئینی حقوق کا وعدہ پورا کرنے کیلئے عوام کی مدد چاہئے: بلاول
سکردو+اسلام آباد(آئی این پی،نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدل کر رہیں گے۔ آئینی حقوق کا وعدہ پورا کرنے کے لیے عوام کی مدد چاہیے۔ بدھ کو سکردو آمد پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ سکردو میں صرف انتخابی مہم کیلئے نہیں آئے بلکہ اپنا وعدہ پورا کرنے یہاں آئے ہیں۔ بلاول کاکہنا تھاکہ موجودہ حکومت نے تاریخی مہنگائی کی ہے اسے صرف پیپلز پارٹی ہی سنبھال سکتی ہے۔ میں پیپلز پارٹی کا منشور لیکر ہر کارکن کے پاس جائوں گا اور گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدل کر رہوں گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق اور عوامی مفادات کا تحفظ کروں گا اور ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل کروں گا۔ قبل از چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ضلع گانچھے پہنچے تو پیپلزپارٹی کے جیالوں کا سمندر ان کے استقبال کے لئے سکردو ایئرپورٹ پر موجود تھا۔ چیئرمین پی پی پی کے استقبال کے لیے جگہ جگہ استقبالیہ کیمپس لگائے گئے تھے۔ اہم سڑکوں کو استقبالیہ بینرز اور جھنڈوں سے سجایا گیا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے جنرل سیکرٹری اسماعیل کے بھائی کے انتقال پر ان کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جزائر کے متعلق صدارتی آرڈیننس کیخلاف سندھ اسمبلی کی قرارداد پر بیان میں کہا ہے کہ پی پی پی چیئرمین کا صدارتی آرڈیننس کے خلاف سندھ اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور ہونے کا خیرمقدم کرتا ہوں،پوری سندھ نے ذات پات، نسل، زبان اور مذہب کی امتیاز سے بالاتر ہوکر آرڈیننس کے خلاف آواز اٹھائی،میں نے 18 اکتوبر کو کٹھ پتلی حکومت کو متنبہ کیا تھا کہ وہ اِس بدھ سے پہلے مذکورہ آرڈیننس واپس لے ،وہ پاکستان آئلینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2020ع جس کو 2 اکتوبر 2020ع کو نافذ کیا گیا تھا،اس آرڈیننس کا مقصد سندھ اور بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنا تھا،یہ عمل صریحاً 1973ع کے آئین کے منافی ہے۔