ایچ ای سی کا قواعد کی تشکیل کیلئے ماہرکی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (نامہ نگار) ہائیر ایجوکیشن کمشن نے اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے قواعد کی تشکیل میں اساتذہ ایسوسی ایشن کو تکنیکی معاونت کی فراہمی کے لیے انتظامی قوانین ایک ماہرکی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی پی ایس قواعد کی تشکیل کے حوالے سے سفارشات کو حتمی فیصلے کے لیے کمیشن میں پیش کیا جائے گا۔ یہ کام تین ماہ کے عرصے میں مکمل ہوسکے گا۔ ایچ ای سی ترجمان کے مطابق بدھ کوآل پاکستان یونیورسٹیز بی پی ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری سے ملاقات کی اور سرکاری جامعات کی بی پی ایس فیکلٹی کے مسائل اور چیلنجز سے اُن کو آگاہ کیا۔ چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی ان کے ساتھ مل کر ان کے مسائل کے حل کے لئے کام کرے گا۔ تاکہ مساوی بنیادوں پر اقدامات کرکے تدریس و تحقیق کے معیار میں بہتری لائی جا سکے۔