آئی جی سندھ معاملے پر انکوائری میں حقائق سامنے آ جائیں گے: گورنر سرور
لاہور (نیوز رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ آر می چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ آئی جی سندھ کے معاملے پر نوٹس لے چکے ہیں جب تک انکوائری مکمل نہیں ہوتی اس بارے کچھ کہنا قبل ازقت ہوگا۔ اپوزیشن جماعتوں کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں وہ جلسے جلسے کرتے رہیں گے اور عام انتخابات2023 آ جائیں گے۔ پارلیمنٹ اور جمہوریت سمیت تمام ادارے پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔ وہ بدھ کے روز الحمراء ہال لاہور میں سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقعہ پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ آئی جی سندھ کے معاملے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا نوٹس لینا خوش آئند ہے اور اب سارے معاملے کی شفاف انکوائری ہوگی اور جو بھی حقائق ہوں گے یقینی طور پر قوم کے سامنے آجائیں گے۔ اس لیے اپوزیشن سمیت تمام سب کو چاہیے کہ وہ انکوائری رپورٹ کا انتظار کر یں اور اس معاملے پر کوئی رائے نہ دیں۔ تقریب سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب نے تمام نابینا افراد کو گورنر ہاؤس دَورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے جو بھی مسائل ہیں انکے حل کیلئے کمیٹی قائم کر رہا ہوں۔ وفاقی اور پنجاب حکومت نابینا افراد کو روز گار کی فراہمی سمیت دیگر ریلیف کے لیے تمام اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ دریں اثناء کرسچن لائرز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف الیگزینڈر کی زیرقیادت میں وفد کی گذشتہ روز گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پنجاب بار کونسل میں اقلیتی نشست پر قانون سازی سمیت دیگر مطالبات رکھے گئے جس پر گورنرپنجاب چودھری محمد سرور نے کرسچن وکلا کے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔