بھارت کے غیر قانونی قبضہ والے کشمیر میں 5شہدا سپرد خاک کشمیریوں کا شدید احتجاج:پتھراؤ
سری نگر(کے پی آئی) جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں شہید ہونے والے کمانڈر توصیف احمد کھانڈے سمیت 5 کشمیری نوجوانوں کو شمالی کشمیر میں سپردخاک کر دیا گیا ہے ۔ کمانڈر توصیف احمد کھانڈے، عمر احمد ٹھوکر سمیت 5 کشمیر نوجوان شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں بھارتی فوج سے جھڑپ میں منگل کو شہید ہو گئے تھے ۔ بھارتی فوج نے شہید نوجوانوں کو لاشیں تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے شمالی کشمیر کے گمنام قبرستان میں خود سپردخاک کر دیا۔کے پی آئی کے مطابق شوپیان کے چندن پورہ میلہورہ زینہ پورہ میں 12گھنٹے تک جاری جھڑپ میں حزب المجاہدین کے دو نواجوں شہید ہوئے تھے ان کی شناخت32سالہ توصیف احمد کھانڈے ولد عبدالسلام ساکن کھانڈے محلہ ہانگل بچھ یاری پورہ کولگام اور28سالہ عمر احمد ٹھوکر ولد گلزار احمد ساکن شگن پورہ کولگام کے بطور ہوئی ہے۔ دونوں نوجوانوں کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میںمیں سپرد خاک کیا گیا۔ منگل کو ضلع پلوا مہ کے ہکری پورہ کاکہ پورہ گائوں میں ایک اور جھڑپ میں تین کشمیری نوجوان مارے گئے۔ نوجوانوں کی شہادت کی اطلاع پر ہکری پورہ کے دو نزدیکی دیہات گڈورہ اور سنگھو نارہ بل میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے پولیس و فورسز پر پتھرائو کیا یہ سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ پتھرائو کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے پھینکے گئے۔ بھارتی اخبار کے مطابق جموں وکشمیر میں رواں برس اب تک مارے جانے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر 187 ہوگئی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ بدھ کو84 ویں سالگرہ منارہے تھے کہ بھارتی تفتیشی ادارے نے منی لانڈرنگ کیس میں انہیں پھر طلب کر لیا اور کئی گھنٹے ان سے تفتیش کی ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ سالگرہ ی تقریب چھوڑ کرجموں کشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن میں مالیاتی سکینڈل کے الزام میں بھارتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ کے دفتر پہنچ گئے ۔ ایک روز قبل بھی ان سے 7 گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی ۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی ،نیشنل کانفرنس کے صدر اور بھارتی پارلیمنٹ ممبر ڈاکٹر فاروق عبداللہ جموں کشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن کے صدر رہے ہیں۔ جنوبی کشمیر میں محمد یاسین کیانی نامی شہری کی لاش پر اسرارحالت میں بر آمد ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقے میں بدھ کی صبح ایک لاش پر اسرارحالت میں بر آمد ہوئی ۔یہ لاش رانی پورہ گاوں سے ملی ہے۔ رانی پورہ میں مقامی لوگوں نے لاش دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا۔پولیس لاش کو تحویل میں لے لیا ہے۔لاش کی شناخت محمد یاسین کیانی ولد برکت اللہ ساکن رکھ براہ کے طور ہوئی ہے جس کی عمر 40 سال کے قریب ہے۔