مہنگائی نجکاری کیخلاف ہائیڈرو یونین کے ملک گیر مظاہرے کئی شہروں میں دفاتر کی تالا بندی
لاہور‘ چیچہ وطنی‘ بورے والا‘ گگو منڈی (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) بجلی کمپنیوں ‘ پاور ہاؤسز کی نجکاری‘ تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے اور مہنگائی کیخلاف واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیر اہتمام ملک گیر احتجاج کیا گیا۔ مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے‘ ریلیاں‘ مظاہرے‘ علامتی ہڑتال اور دفاتر کی تالہ بندی کی گئی۔ ہائیڈرو یونین کی پریس ریلیز کے مطابق ملک گیر یوم مطالبات بھی منایا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا اجرتوں ‘ پنشنوں میں مہنگائی کے مطابق اضافہ محکمہ بجلی کی کمپنیوں اور تھرمل پاور ہاؤسز کی نج کاری روکی جائے۔ محنت کشوں نے کوئٹہ‘ حیدرآباد‘ سکھر‘ ملتان‘ گوجرانوالہ‘ فیصل آباد‘ اسلام آباد‘ پشاور و دیگر شہروں میں ریلیاں نکالیں۔ لاہور میں سینکڑوں محنت کشوں نے لاہور پریس کلب کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے قومی پرچم اور اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد جنرل سیکرٹری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک میں آٹا‘ چینی‘ دالیں‘ تیل‘ ادویات اور ضروریات زندگی کی اشیاء میں ہوش ربا اضافہ کے باوجود اس سال سالانہ بجٹ میں محنت کشوں کی تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ جس کے لئے محنت کشوں اورکلرکوں نے اسلام آباد میں اس ماہ ہزاروں کی تعداد میں احتجاج مظاہرہ کیا۔ حکومت کی قائم کردہ وزراء کمیٹی نے ان میں اضافہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اس وعدہ پر جلد عمل کرایا جائے۔کمپنیوں اور تھرمل پاور ہاؤسوں کی نج کاری رکی جائے اس موقع پر یونین کے نمائندگان نے بھی خطاب کیا۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق چیچہ وطنی واپڈا دفاتر میں تمام سٹاف نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین CBAکے زیراہتمام نجکاری کیخلاف بھرپور احتجاج کیا ،ڈویژنل چیرمین واپڈا چوہدری نذیر احمد گجر کی زیر قیادت احتجاج کیساتھدفاترمیں نجکاری کے خلاف علامتی ہڑتال کی گئی، اس موقع پر وائس چیئرمین رانا حبیب الرحمن ،جنرل سیکرٹری رانا عمادالحسن، جوائنٹ سیکرٹری آصف قادری سینئر کارکنان چوہدری محمد ارشاد جٹ چوہدری طارق جٹ رانا عامرگلزار منیر احمد محمد اقبال محمد علیم رانا شاہد فرحت علی چوہدری مدثر سمیت تمام سب ڈویژنوں کے عہدیداروں نے خطاب کیا۔ مقررین نے ڈیسکوزکی نجکاری کی حکومتی پالیسی پر شدید تنقید کی۔اور سٹاف کی اور ٹی اینڈ پی کی شارٹج اوربکٹ گاڑیوں اور کرینوں کی اشدضرورت کی نشاندہی کی اور تنخواہوں میں اضافے کا اور فری سپلائی یونٹ میں اضافے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف کے سامنے ڈٹ جانے کا وقت آ گیا ہے ۔ واپڈا اہم ادارہ ہے اس کو بیچنے کی ہر کوشش کو ہم اپنے خون کا نذرانہ دے کر ناکام بنا دیں گے۔ گگو منڈی سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا کی مجوزہ نج کاری کے خلاف میپکو کمپلیکس بورے والا میں بھی سیکر ٹری پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین خورشید احمد خان کی کال پر زونل چیئر مین شاہد باری چوہان کی قیادت میں میپکو ورکرز نے زور احتجاج کیا اور دفاتر کی تالا بندی کی اس موقع پر ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین عظیم آباد سب ڈویژن کفائت احمد بھٹی نے کہا کہ واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کسی بھی قیمت پر واپڈا کی نج کاری نہیں ہونے دے گی ۔