• news

کوئٹہ، پشاور میں سیاسی مذہبی قیادت کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بلوچستان، بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) انٹیلی جنس اداروں نے بلوچستان کے علاقے قمردین کارنر میں آپریشن کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے بارودی موادکا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ جسے ممکنہ طور پر ژوب اور کوئٹہ میں دہشت گرد سرگرمیوں کیلئے چھپایا گیا تھا۔ برآمد کیے گئے بارودی مواد میں 6سے 8کلو گرام وزنی 8مکمل تیار بارودی سرنگیں جبکہ 12سے15کلو گرام وزنی بیگ میں بارودی سرنگوں میں استعمال ہونے والے ڈیٹو نیٹرز، بال بیرنگز اور ریموٹ سسٹم موجود تھے۔ زیادہ امکان ہے کہ یہ بارودی موادکالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کارندوں کے ذریعے افغانستان سے پاکستان منتقل کیا گیا اور اسے اب ژوب اور کوئٹہ میں دہشت گردی کیلئے منتقل کیا جانا تھا۔ ادھر وفاقی حکومت نے بلوچستان اور خیبر پی کے میں دہشت گردی سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اطلاعات ہیں کہ دہشت گرد تنظیم کالعدم ٹی ٹی پی، ایچ اے آئیز کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر کوئٹہ اور پشاور میں سیاسی اور مذہبی قیادت کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ مبینہ طور پر اعلیٰ سیاسی شخصیات کو مستقبل قریب میں بم دھماکوں یا خودکش حملوں میں نشانہ بنانے کی سازش کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں قمردین کاریز بلوچستان سے بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کرنے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن