وحدت روڈ پر مقابلہ فائرنگ کی زد میں آکر لڑکی جان بحق، 3 ڈاکو گرفتار
لاہور (نامہ نگار) اقبال ٹائون کے علاقے میںوحدت روڈ پرسائنس کالج کے قریب پیرو فورس اور ڈاکوئوں کے درمیان پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر 22سالہ راہگیر لڑکی جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے تینوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال ٹاؤن نشتر بلاک کے رہائشی اسلم حسن کی22سالہ بیٹی فاطمہ والد حسن کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گلبرگ میں واقع کال سنٹر دفتر جارہی تھی۔ وحدت روڈ کے قریب پہنچے موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوئوں نے تعاقب پر پولیس کار پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آ کرگردن میں گولی لگنے سے فاطمہ حسن موقع پر ہی دم توڑ گئی ۔ عینی شاہد کا کہنا ہے کہ پیرو فورس کے جوانوں نے گاڑی کی ٹکر مار کر تین موٹر سائیکل سواروں کو گرایا۔ جس پر مسلح ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے تینوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق تینوں ڈاکوؤں نے سمن آباد ملت پارک میں یکے بعد دیگرے تین وارداتیں کیں۔ ڈاکوؤں کی شناخت ارشد، وسیم اور فیصل کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور متعدد دفعہ جیل جا چکے ہیں۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی ہے ۔لڑکی کے ماموں کا کہنا ہے کہ فاطمہ کی موت ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہوئی، تاہم والد کی مدعیت میں درج مقدمہ اور میڈیا سے گفتگو میں تضاد بھی سامنے آیا ہے۔ بچی کے والد کے مطابق اس نے صرف گولی کی آواز سنی، وہ نہیں جانتا گولی کس نے چلائی جبکہ ایف آئی آر میں پولیس نے والد کے بیان کے مطابق درج ایف آئی آر میں لکھا کہ بچی کی موت ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہوئی۔ تاہم لگی، تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہو گا۔